پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم ایک بار پھر عسکری طور پر زندہ ہونے کی کوشش کر رہا ہے، گزشتہ چند دنوں کے دوران رینجرز پر 4 حملے کیے گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم ہماری نسلوں کا قاتل ہے، ایم کیو ایم ختم ہورہی تھی لیکن اسے ایم کیو ایم پاکستان کا نام دے کر دوبارہ زندہ کیا گیا ، ایم کیو ایم پاکستان کے کسی رہنما نے بانی متحدہ کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں رینجرز پر 4 حملے ہوئے ہیں، بانی ایم کیو ایم اب بابا سندھو دیش ہوگیا ہے، وہ عسکری طور پر دوبارہ زندہ ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر وہ اور انیس قائم خانی ایم کیو ایم میں رہتے تو انہیں سب سے زیادہ فائدہ ہونا تھا لیکن انہوں نے اللہ کی رضا کیلئے اپنے دنیاوی فائدے کو قربان کیا۔
ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم میں عمران فاروق جیسا کوئی بڑا پیدا نہ ہوگا، انہیں قتل کرنے والوں کے خاندان بھی تباہ ہوگئے، انتظار تھا کہ ایم کیوا یم پاکستان کے رہنما کہتے کہ بانی ایم کیوایم نے عمران فاروق کو قتل کروایا لیکن ان میں سے کسی نے بانی متحدہ کے خلاف بات نہیں کی۔