اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ایک ہوٹل کے زینے میں تین افراد کو چاقو کے وارکرکے قتل کردیا گیا۔حملہ آورکے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے گولی مارکر ہلاک کردیا۔
اسکاٹ لینڈ کے پولیس کے محکمے اسکاٹ لینڈ پولیس فیڈریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک پولیس افسرپر بھی چاقو سے وارکیے گئے۔
مسلح پولیس اہلکار ویسٹ جارج اسٹریٹ میں پارک ان ہوٹل کے باہر موجود ہیں۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صورت حال قابو میں ہے اورعوام کو کوئی خطرہ نہیں۔
اسکاٹ لینڈ کے وزیر انصاف حمزا یوسف نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ صورت حال کے بارے میں پولیس حکومت کو آگاہ کر رہی ہے۔ مسلح پولیس اہلکار ویسٹ جارج سٹریٹ میں پارک ان ہوٹل کے باہر موجود ہیں۔
ایک عینی شاہد کریگ ملروے نے جوایک قریبی دفتری عمارت کے باہر موجود تھے، بتایا کہ انہوں نے چارافراد کو ایمبولینس میں ڈال کرلے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔
انہوں نے مقامی خبررساں ادارے کو بتایا کہ انہوں نے ایک افریقی النسل شخص کو زمین پرگرے دیکھا، جس کے پیروں میں جوتے نہیں تھے۔
انہوں نے کہا ایک اور شخص اس کے پیٹ پر ہاتھ رکھے ہوئے تھا لیکن وہ نہیں جانتے کہ یہ گولی سے لگنے والا زخم تھا یا چاقو کے وار سے آنے والی کوئی ضرب۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد افراتفری کا عالم تھا اورکئی ایمبولینس کھڑی تھیں اورمسلح پولیس اہلکاروں کو تیزی سے ہوٹل کے اندر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ابھی وہیں کھڑے تھے جب پولیس باہرآئی اورانھیں اندرجا کراندر سے دروازہ بند کرنے کو کہا۔