ایران کے جوہری توانائی کے ایک پلانٹ میں خوفناک دھماکے کے بعد حصے میں آگ بھڑک اُٹھی جس سے عمارت کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے مرکزی جوہری پلانٹ میں پراسرار دھماکا ہوا ہے، دھماکا فیکٹری کے اس حصے میں ہوا جہاں نئے سینٹری فیوجز بنائے جاتے تھے۔ دھماکے کے بعد عمارت کے اس حصے میں آگ بھڑک اُٹھی۔
ایران کی اٹامک انرجی تنظیم نے جوہری پلانٹ کے اس حصے کی تصویر بھی جاری کی ہے جس میں آگ بھڑکتی ہوئی نظر آ رہی ہے تاہم دھماکے اور آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور وجہ کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاہم دہشت گردی کے عنصر کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ جوہری پلانٹ کے سینٹری فیوجز شعبے کا حال ہی میں افتتاح کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ مرکزی جوہری پلانٹ میں نئے سینٹری فیوجز بنائے جارہے ہیں جو ایٹم بم بنانے میں استعمال ہوں گے اور اسی لیے ایران پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
واضع رہے تین روزقبل ایران کے دارالحکومت تہران میں ہونے والے دھماکے میں19 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔