مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
جارحیت پسند بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پراہل خانہ اورعلاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔
کٹھ پتلی بھارت نواز انتظامیہ نے قابض بھارتی فوج کے ظلم و بربریت پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے نوجوانوں کی دہشت گرد ثابت کرنے کی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تاہم علاقہ مکینوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا۔
قبل ازیں بھارتی فوج نے ایک ضعیف شخص کو کم سن نواسے کے سامنے گولی مارکر شہید کردیا تھا جب کہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے سہما ہوا بچہ اپنے مردہ نانا کے سینے پر بیٹھ گیا اور روتے ہوئے انہیں اُٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس منظر نے جہاں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا وہیں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔