بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا،فائل فوٹو
بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا،فائل فوٹو

’’بھارت ہتھیاروں کا دنیا میں سب سے بڑا درآمد کنندہ بن گیا‘‘

پاکستان نے بھارت کی جانب سے مزید اسلحہ خریدنے کی پالیسی پراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کو بھارت کی اسلحہ پالیسی کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، بھارت ہتھیاروں کا دنیا میں سب سے بڑا درآمد کنندہ بن گیا جس سے خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسزکی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں جارحیت جاری ہے، بھارتی فوج نے علاقائی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر بھی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر میں عیدالاضحیٰ کی نماز پر پابندی کی مذمت کرتا ہے، معاملے کا اقوام متحدہ نوٹس لے کیونکہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عائشہ فاروقی نے بحیرہ ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کی بھارتی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع کرنے کا ذمے دار ہے حتی کہ اب بھارت دنیا بھر میں ہتھیاروں کا سب سے بڑا درآمد کنندہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلیے ہر وقت تیار ہے۔

ترجمان نے کلبھوشن کے معاملے پر کہا کہ بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان آرڈیننس لایا، ساٹھ دن میں کلبھوشن کے وکیل کیلیے بھارت نے ہائیکورٹ سے رجوع کرنا تھا، اتنا وقت گزرنے کے باوجود ایسا نہیں کیا گیا۔