دارالحکومت بماکو کی اہم سرکاری عمارتوں پر فوجی اہلکار تعینات ہیں۔فائل فوٹو
دارالحکومت بماکو کی اہم سرکاری عمارتوں پر فوجی اہلکار تعینات ہیں۔فائل فوٹو

مغربی افریقی ملک مالی میں فوجی بغاوت۔صدراور وزیراعظم زیرحراست

مغربی افریقی ملک مالی کے سرکاری میڈیا کے مطابق فوجی بغاوت کے بعد صدرابراہیم بوبکر مستعفی اورپارلیمان تحلیل کردی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک مالی میں مبینہ فوجی بغاوت کے نتیجے میں صدرابراہیم بوبکر نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرتے ہوئے خود بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ملکی اقتدار پر فوج قابض ہوچکی ہے۔

 باغی فوجی کاٹی کیمپ پر قبضہ کرنے کے بعد دارالحکومت بماکو کی جانب بڑھے۔ یہاں کئی سو مقامی افراد پہلے سے ہی صدر کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے جمع تھے۔ انھوں نے نعروں اور تالیوں سے باغی فوجیوں کا استقبال کیا۔

فوجیوں نے منگل کی دوپہر سابق صدر کی رہائش گاہ پرقبضہ کیا اور وہاں موجود صدراور وزیراعظم دونوں کو حراست میں لے لیا۔فرانس اور خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

سرکاری ٹیلی وژن پر مختصر خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم بوبکر کا کہنا تھا کہ وہ ملک کو خونریزی سے بچانے کے لیے اپنے عہدے سے مستعفی اور پارلیمان کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ خطاب انہوں نے چند گھنٹے قبل دارالحکومت بماکو میں باغی فوجیوں کی جانب سے سرکاری رہائش گاہ پرنظر بند کیے جانے کے بعد کیا۔

دارالحکومت بماکو کی اہم سرکاری عمارتوں پر فوجی اہلکار تعینات ہیں جبکہ سڑکوں پر فوجی اور بکتر بند گاڑیوں کا گشت جاری ہے۔ ملک میں شدید تناؤ ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ صدرابراہیم کے ناقدین شدت پسند مسلم جماعتوں پرقابو پانے میں ناکامی کو فوجی بغاوت کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔