افغان صدارتی محل کے قریب راکٹ حملوں میں 2 سرکاری اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدارتی محل کے قریب کارکے ذریعے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 2 سرکاری ملازم ہیں جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے۔
افغان صدارتی محل کے قریب کارکے ذریعے 14 راکٹ فائرکیے گئے جن میں سے ایک صدارتی محل کے کمپاؤنڈ میں گرا جس کے نتیجے میں گارڈ آف آنرکے 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ دیگر زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے 2 سرکاری اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے گارڈ آف آنرکے اہلکاروں سے متعلق کچھ معلومات نہیں دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں صدراشرف غنی نے وزارت دفاع کی عمارت میں میں حاضری دی جس کے بعد راکٹ حملے کیے گئے۔
افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ اب تک کسی گروپ کی جانب سے حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔