مشتعل مظاہرین کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں گھس گئے،فائل فوٹو
مشتعل مظاہرین کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں گھس گئے،فائل فوٹو

نکاسی آب نہ ہونے پرکلفٹن اور ڈیفنس کے مکین بپھر گئے

کراچی میں بارش کے بعد تباہی اور نکاسی آب نہ ہونے کے سبب کلفٹن اور ڈیفنس کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا، سی بی سی کے عملے سے تلخ کلامی اور پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی۔

کراچی کے علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی بارشوں کے بعد صورتحال بدتر ہے، کئی مقامات پر تاحال پانی کی نکاسی نہ ہو سکی اور بجلی کی بندش کا بھی سامنا ہے۔ کئی مقامات سے پانی کا نکاس نہ ہونے کے سبب مشتعل مظاہرین کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں گھس گئے، کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ڈیفنس اور کلفٹن کے رہائشی نو مور ٹیکس اور پولیس کے خلاف بھی نعرے بلند کرتے رہے۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظٓاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کرتی رہی تاہم مظاہرین کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی گئی، اس دوران دونوں جانب سے دھکم پیل بھی ہوئی۔

دوسری جانب کراچی میں چار روز پہلے ہونے والی بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہ ہوسکی۔ کلفٹن بلاک 8 میں بجلی کی مسلسل بندش پرعلاقہ مکین سڑکوں پرآگئے، احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 4 روز سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، بجلی فوری بحال کی جائے۔