اسلام آباد: اوگرا نے گھریلو سیلنڈر میں 18 روپے اور کمرشل سیلنڈر میں 73 روپے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے بین الاقوامی مارکیٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمت میں 1 روپیہ 50 پیسے فی کلو اضافہ کردیا ہے، اور ماہ ستمبر 2020 کے لئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گھریلو سیلنڈر 18 روپے اور کمرشل سیلنڈرکی قیمت میں 73 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب ایل پی جی 115 روپے 50 پیسے فی کلو سے بڑھ کر 117 روپے فی کلو، گھریلو سیلنڈر 1364 روپے کی جگہ 1382 روپے اور کمرشل سیلنڈر 5246 روپے سے بڑھنے کے بعد 5319 روپے میں فروخت ہوگا، جب کہ پیداواری قیمت 59096 کی جگہ 60460 روپے ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔
ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال میں قدرتی گیس کا بہت بڑا شاٹ فال متوقع ہےجس کی کمی کو پور ا کرنے کے لیے ایل پی جی پر منتقل ہونا ضروری ہے، ایل پی جی واحدسستا فیول ہے جو کہ قدرتی گیس کی کمی کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل دونوں کمپنیوں کو سالانہ اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہے، جس کو پورا کرنے کے لیے ایل پی جی کی پالیسی میں بہتر ترجیحات پر عمل کیا جائے۔