شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں جمعرات کو فضائی حملوں میں ایران نواز ملیشیا کے 16 افراد ہلاک ہوگئے۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کی غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق یہ فضائی حملے اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے کیے ہیں۔
ان حملوں سے چند گھنٹے قبل ہی شامی حکومت نے وسطی صوبہ حمص میں ایک فوجی اڈے پر اسرائیل کے میزائل حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
رصدگاہ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ مشرقی شہر المیادین کے نواح میں قلعہ الرحبہ میں فضائی بمباری میں ایران نوازعراقی ملیشیا حزب اللہ کے7 جنگجو ہلاک ہوئے ۔عراق کی سرحد کے نزدیک واقع شام کے ایک اور مشرقی شہرالبوکمال میں 9جنگجو فضائی بمباری میں مارے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان فضائی حملوں کا اسرائیل ہی ممکنہ طور پرذمے دار ہے اوراگر اس کی تصدیق ہوجاتی ہے تو گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیل کا شام میں یہ دوسرا اوراس ہفتے میں تیسرا حملہ ہوگا۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے قبل ازیں یہ اطلاع دی تھی کہ بدھ کی شب اسرائیل کے ایک لڑاکا طیارے نے وسطی صوبہ حمص میں واقع التیفور کے فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا لیکن شام کے فضائی دفاعی نظام نے ان میں سے بیشتر میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا تھا اور وہاں گرنے والے میزائلوں سے صرف مادی نقصان ہوا تھا۔