عیسیٰ نگری کے قریب خالی پلاٹ سے کمسن مغوی بچی کی چادر میں لپٹی سوختہ لاش مل گئی۔
عیسیٰ نگری کے قریب سابقہ ملک پلانٹ کے گراؤنڈ سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 5 سالہ بچی کی چادر میں لپٹی سوختہ لاش ملی ، اطلاع ملنے پر ایس ایچ او پی آئی بی کالونی سب انسپکٹر شاکر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اورلاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 5 سالہ مروہ دختر عمر صادق کے نام سے کی گئی، مقتولہ اسی علاقے میں پیر بخاری کالونی بلاک اے کی رہائشی تھی ، مقتولہ کا ایک چھوٹا بھائی ہے جبکہ اس کے والد رکشا چلاتے ہیں، ان کا آبائی تعلق بونیر سے ہے۔
مقتولہ کے والد عمر صادق نے بتایا کہ مروہ جمعے کی صبح تقریباً سات بجے گھرکے قریب دکان سے چیز لینے گئی تھی ، کافی دیر تک واپس نہ آنے پر گھر والوں کو تشویش ہوئی تو بچی کو ڈھونڈنا شروع کیا۔
دکان والے نے بتایا کہ مروہ اس کے پاس سے چیز لے کر گئی تھی تاہم کہاں گئی اسے بھی کچھ پتہ نہیں تھا، ہرجگہ معلوم اور علاقے کی مساجد میں اعلان کرانے پر بھی بچی کے بارے میں پتہ نہیں چلا جس کے بعد ہفتے کی شام کو بچی کے والد نے پی آئی بی کالونی پولیس نے کمسن مروا کے اغوا کا مقدمہ درج کیا کرا دیا تھا
ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب ایک شخص کی نشاندہی پر میکاسا اپارٹمنٹ کے عقب میں پرانے ملک پلانٹ کے گراؤنڈ سے لاش ملی ، مقتولہ کے گھر والوں اور علاقہ مکینوں نے مروا کو اس کی زیب تن کیے ہوئے ہرے رنگ کی شلوار سے شناخت کر لیا ، بچی کا جسم سوختہ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے شناخت مٹانے کے لیے لاش کو آگ لگا دی، پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید شواہد ملیں گے ، پولیس نے علاقہ مکینوں کے کہنے پربچی کی لاش کی نشاندہی کرنے والے شخص کو شک کی بنیاد پر تفتیش کے لیے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔