وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کے جانے سے اداروں میں کام نہیں رکتے، وفاقی وزیرفواد چوہدری کو متعدد مرتبہ سمجھایا ہے، فواد چوہدری کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں ہرتعیناتی پر مشاورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا میرے خیال میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری ہمیشہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ باز آنے والے نہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت اور قانون سازی کے شعبوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جس کے دماغ کو حکیم لقمان بھی ٹھیک نہ کر سکے اس کے دماغ کو کوئی بھی ٹھیک نہیں کر سکتا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کی تبدیلی معمول کی کارروائی ہے، دو سال کے دوران سندھ میں بھی کئی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا میں نے تین ماہ قبل بھی فواد چوہدری کو سمجھایا تھا لیکن میرا خیال ہے کہ وہ ہمیشہ اصول وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔