بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 3 سال سے عوام کی مشکلات سامنے رکھ رہا ہوں، ہمیں ہمارا این ایف سی کا حصہ نہیں دیا جا رہا، ہم مشکل وقت میں عوام کیساتھ ہونگے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر سابق صدر اور وزیراعظم حساب دے رہے ہیں تو پھر سب کو حساب دینا پڑے گا،کیا پناما صرف نواز شریف تک محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ایک نہیں دو پاکستان واضح نظرآ رہے ہیں اور یہ کھوکھلا نظام زیادہ دیر نہیں چلے گا اگرملک میں ایک قانون ہے تو پھر سب کو حساب دیانا پڑے گا ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سابق صدر جھوٹے الزامات کا بھی جواب دیتے ہیں۔ حکومت ڈرامے بازی نہ کرے حصہ دو اور کام کرو۔ چپ رہ کر مدد کریں تاکہ ہم ڈیلیور کر سکیں۔ سندھ حکومت کراچی پر800 ارب روپے خرچ کرے گی۔
آئی جی کی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت آئی جی تبدیل کرنا چاہے تو وفاق تبدیل نہیں کرنے دیتا لیکن پنجاب میں 5 آئی جیز تبدیل ہو چکے ہیں۔ اگر اس طرح ہوگا توعوام سوال تو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک معاون خصوصی تو وزیراعظم سے بھی زیادہ طاقتور ہیں بلکہ سپر ڈوپرہیں جس سے حساب نہیں لیا جاسکتا، اپوزیشن کیسز بھگت رہی ہے تو ان کو بھی حساب دینا پڑے گا، پاکستان میں اگرایک قانون ہے توسب کو جواب دینا پڑے گا، ایک اسپشل اسسٹنٹ ٹی وی پرآکرکرپشن کا راگ الاپتاہے حساب ہونا ہے تو سب کا ہوناہے یہ مذاق بند ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ کرپشن کے الزامات لگے تو باپ بیٹا لندن میں کرکٹ انجوائے کررہے ہیں۔ آصف زرداری پر الزام ہے جو تحائف ملے اس پرپیسے ادا نہیں کئے۔ تمام مقدمات سیاسی اور مذاق کے سوا کچھ نہیں، توشہ خانہ ریفرنس ایسا ہے جیسے ایس ایچ او جھوٹاالزام لگا کرظلم کرے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منشور میں زراعت شامل ہے لیکن آج تک زراعت ایمرجنسی نافذ نہیں کی گئی، غریب کسانوں کو ریلیف دینا پڑے گا، چھوٹے کسانوں کو ہنگامی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت 5گھنٹوں کا ٹرپ لگا کر واپس نہ جائے، وزیراعظم عمران خان خود کو کپتان کہتے ہیں تو جس طرح وزیراعلیٰ سندھ اپنی ٹیم کے ساتھ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اسی طرح وزیراعظم کو بھی سیلاب متاثرین کا ساتھ دینا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کورونا وبا کے بعد ہم اب تک معاشی مسائل سے نہیں نکلے اور شدید بارشوں کے بعد ٹڈی دل کے حملوں سے زراعت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔