کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈاکٹر ماہا شاہ کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظورکرلی۔
عدالت نے ڈاکٹر ماہا علی شاہ کی قبر کشائی اور پوسٹ مار ٹم سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ عدالت کو قبر کشائی پر کوئی اعتراض نہیں۔عدالت کا اپنے تحریری حکم میں کہنا ہے کہ استغاثہ قانون کے مطابق کارروائی کرے، عدالت انویسٹی گیشن میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
تحریری حکم میں عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ ڈاکٹر ماہا کی قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم قانون کے مطابق کیا جائے۔درخواست تفتیشی افسر سب انسپکٹر شرافت علی کی جانب سے دائرکی گئی ہے۔تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں دائرکی گئی درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماہا کو سر میں بائیں جانب گولی لگی جو دائیں جانب سے خارج ہوئی۔
درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ کی درخواست ہے کہ ڈاکٹر نے رپورٹ غلط دی ہے، مدعی مقدمہ کے موقف کی تصدیق کے لیے قبر کشائی، پوسٹ مارٹم اورمزید معائنے کی اجازت دی جائے۔
تفتیشی افسر سب انسپکٹر شرافت علی کی جانب سے درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مدعی مقدمہ کے مطابق ڈاکٹر ماہا شاہ کو زہر یا بہت زیادہ ڈرگس دی گئی تھیں۔