سری لنکن کرکٹ بورڈ نے نومبر میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ کے لیے 150 غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی ہے، پاکستان کے شاہد آفریدی مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 24 پاکستانی کرکٹرز ڈرافٹ کی فہرست میں شامل ہیں۔
لنکا پریمیئر لیگ 14 نومبر سے چھ دسمبر تک کھیلی جائے گی، اس کے لیے کھلاڑیوں کی آکشن یکم اکتوبر کو ہوگی، سری لنکا کرکٹ نے لیگ کے لیے ڈرافٹ کی فہرست فائنل کرلی۔
پاکستان کے شاہد آفریدی سمیت ڈیڑھ سو غیر ملکی کرکٹرز ڈرافٹ کی فہرست میں شامل ہیں جبکہ پاکستان کے شعیب اختر اور وسیم اکرم بطور مینٹور لنکا پریمیئر لیگ میں خدمات انجام دینے کے لیے دستیاب ہیں۔
پاکستان سے لیگ میں شامل ہونے والے دیگر کرکٹرز میں شعیب ملک، شرجیل خان، محمد عامر، محمد عرفان، یاسر شاہ، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی، حسین طلعت، افتخار احمد، محمد سمیع، رومان رئیس، وہاب ریاض، عمر گل، سرفراز احمد، محمد عباس، سہیل تنویر، جنید خان، کامران اکمل اور عماد وسیم بھی شامل ہیں۔
شاہد آفریدی لنکا پریمیئر لیگ کے تین مہنگے ترین پلیئرز میں سے ایک ہیں، شاہد آفریدی، فاف ڈو پلیسی اور کرس گیل لیگ کے 60، 60 ہزار ڈالرز بیس پرائز کیٹیگری میں ہیں۔
شعیب ملک 50 ہزار ڈالرز سیلری بریکٹ میں شامل ہیں جبکہ محمد عامر، محمد حفیظ اور وہاب ریاض کو 40 ہزار ڈالر کے بریکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔