اسلام آباد:نیپرا نے کے الیکٹرک کو رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی، کے الیکٹرک نے کراچی میں 9 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا اعتراف کیا ہے حالانکہ بیشتر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی زائد ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے عوام کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفصیلی جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔
دوران سماعت چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے الیکٹرک نے کراچی میں نو گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی طلب 3220 میگاواٹ اور دستیابی 2800 میگاواٹ ہے جس سے شارٹ فال 400 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ بیس فیصد علاقوں میں نقصانات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکڑک انسانی جانوں کی ہلاکتوں کے واقعات کو صفر کرنا چاہتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جتنا بجلی کا شارٹ فال ہےاسی تناسب سے لوڈ شیڈنگ بھی ہونی چاہیے مگر کے الیکٹرک کے اعدادوشمار عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ہیں۔ دوسری جانب نیپرا بھی اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ بجلی کا جتنا شارٹ فال ہو اسی تناسب سے لوڈشیڈنگ ہونی چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے نیپرا نے کاغذی کارروائی پوری کرنے کے لیے کے الیکٹرک سے مختلف شعبوں کیلئے غیر ملکی کنٹریکٹرز کی تمام تفصیلات طلب کی ہیں۔