پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہےکہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں تمام جماعتیں موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لیے حتمی لائحہ عمل بنائیں گی۔
لاہور میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےقمر زمان کائرہ کاکہنا تھاکہ حکومت کی بوکھلاہٹ بتارہی ہے کہ اسے اپنے اقدامات کا پتہ ہے،حکومتی ورزاء وہی گزشتہ دو سالوں والی گھسی پٹی اور فضول باتیں کررہے ہیں،حکومت کے لوگوں کی ہیجانی کیفیت سمجھ میں آرہی ہے۔
قمرزمان کائرہ کاکہنا تھا کہ یہ حکومت ہر شعبے میں فیل ہوگئی ہے، حکومت نے عوام کی زندگی اور معیشت مشکل کردی ہے، اپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل طے کرے تاکہ اس حکومت سے پاکستان کی جان چھڑائی جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کے اے پی سی میں مشترکہ حکمت عملی کی راہ نکالی جائے گی اور ہم حتمی طور پر اس حکومت کے خلاف اقدام کا راستہ طے کریں گے، سہارے حکومت کو نہیں بچاسکتے ،سہارا صرف عوام کاہوتا ہے، اگر یہ حکومت سہاروں کے بل نہ کھڑی ہو تو آج گرجاتی۔
رہنما پیپلز پارٹی کاکہنا تھا کہ یہ تاثر بلکل غلط ہے کہ پیپلزپارٹی اس خدشے کی وجہ سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کررہی کہ یہ حکومت گرگئی تو کل ہمیں آنے نہیں دیا جائے گا،اس حکومت کے گرنے کے بعد یہ لوگ تتر بتر ہوجائیں گے اور تحریک انصاف کے تتربتر ہونے کی صورت میں پیپلزپارٹی پہلے سے زیادہ سیٹیں لےکر ایک بڑی طاقت کے طور پر ابھر کا واپس آئے گی۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزيشن اتحاد کی آل پارٹیز کانفرنس کل پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہورہی ہے جس میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائےگا۔