شرجیل خان کو 2017 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ پر ڈھائی سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ پابندی گزشتہ برس ختم ہوئی تھی جس کے بعد شرجیل خان پی ایس ایل فائیو کھیلنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
شرجیل خان نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیل چکا ہوں، آخری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جو 2016 میں انڈیا میں ہوا تھا، اس میں پاکستان کی جانب سے کھیلا تھا۔
کرکٹر شرجیل خان نے اسپاٹ فکسنگ پر قوم سے معافی مانگ لی
ان کاکہنا ہے کہ اِس وقت میرا فوکس نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ہے جو جلد شروع ہورہا ہے، میرے چھوٹے چھوٹے اہداف ہیں جنہیں ساتھ لیکر چلتا ہوں، نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اچھا پرفارم کرنا ہے پھر پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنا ہے اور آئندہ برس ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔
شرجیل خان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ کام اپنی فٹنس پر کیا ہے اور پہلے سے بہتری بھی آئی ہے، کرکٹ میں واپسی کے بعد فٹنس پر اور زیادہ توجہ دی، کورونا کی وجہ سے قرنطینہ کا ماحول تھا، اس میں فٹنس پر کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کوشش یہی ہے کہ فٹنس کے معیار کو برقرار رکھوں، پاکستان ٹیم کے جو بھی فٹنس کے حوالے سے تقاضے اور معیار ہیں، ان پر پورا اترنے کے لیے کوشاں رہوں گا۔
شرجیل خان کا کہنا تھاکہ تین برس کرکٹ سے دور رہا ہوں اور اپنے پروفیشن سے دور رہنا بہت مشکل کام ہے، بہت مشکل وقت گزارا ہے، ہر وقت میں خود سے یہی باتیں کرتا رہتا تھا کہ مجھے جب بھی موقع ملا میں نے اس سے فائدہ اٹھانا ہے اور کم بیک کرنا ہے۔