سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کی ادائیگی کے پہلے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں 4 اکتوبر سے سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیر ملکی عمرہ ادا کرسکیں گے جبکہ یکم نومبر سے دیگر ممالک کے افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت دی جائے گی.
سعودی عرب نے اتوار4 اکتوبر سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔ عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔
سعودی وزارت داخلہ کے عہدیدار نے منگل کو بیان میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے عمرہ و زیارت کی ادائیگی کی اجازت کی آرزو اور نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے پیش نظر سعودی قیادت نے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار تدریجی اجازت دی ہے جس کے تحت ضروری حفاظتی پابندی کے ساتھ عمرہ اور زیارت کی جاسکے گی، اجازت مرحلہ وار ہوگی۔
عمرے کی ادائیگی اور مسجد الحرام کی زیارت، مسجد نبویؐ میں روضہ مبارکہ کی زیارت تین مرحلوں میں تدریجی طور پر دی جائے گی۔
پہلا مرحلہ اتوار4 اکتوبر17 صفر 1442ھ سے شروع ہوگا۔ اس مرحلے میں اندرون ملک سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ روزانہ چھ ہزار عمرہ زائرین کو مسجد الحرام جانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس موقع پر حفظان صحت کی جملہ تدابیر کی پابندی کرائی جائے گی۔