سعودی عرب کے جلا وطن رہنماؤں نے اپوزیشن جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں پرامن تبدیلی کی بات کی ہے اور سیاسی اصلاحات پر زور دینے کا مطالبہ کردیا۔
حزب اختلاف کی نئی جماعت نیشنل اسمبلی پارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں اورقتل کرکے مسلسل ظلم و تشدد کی راہ پرعمل پیرا ہے،سعودی عرب کی فضائیہ کے سابق افسرعصیری سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پارٹی کا قیام ایک،ایسے نازک وقت پرہوا ہے جب ملک کو بچانا بہت ضروری ہوگیا ہے۔
اپوزیشن جماعت کے قیام اوراس کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات پر سعودی عرب کی طرف سے ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ البتہ ماضی میں سعودی عرب اس بات کی تردید کرتا رہا ہے کہ اس کی انتظامیہ ناقدین اور مخالفین کی آواز دبانے کے لیے ظلم و جبراورتشدد کا راستہ نہیں اپناتی۔
جرمن میڈیا کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایسے بیشتر رہنما برطانیہ، امریکا اور کینیڈا جیسے ممالک میں مقیم ہیں۔اس گروپ کی قیادت لندن میں رہنے والے انسانی حقوق کے سرگرم کارکن یحییٰ عصیری کر رہے ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ ان کی سیاسی جماعت کا مقصد سعودی عرب میں شاہی سلطنت کی جگہ ایک جمہوری طرز کی حکومت کا قیام ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب آئندہ نومبر میں جی 20 چوٹی اجلاس منعقد کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے لیکن خام تیل سے ہونے والی آمدنی میں شدید کمی کے باعث وہ معاشی مندی کی مار جھیل رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس صورت حال میں اپوزیشن جماعت کا اعلان اس کے لیے ایک نیا اور سخت چیلنج ہے۔