عمر فاروق کو اس کے دوست نے قتل کرکے لاش بذریعہ ٹرک کابل روانہ کی تھی۔فائل فوٹو
عمر فاروق کو اس کے دوست نے قتل کرکے لاش بذریعہ ٹرک کابل روانہ کی تھی۔فائل فوٹو

مہران ٹائون میں پولیس نے ڈاکوئوں سے لٹنے والے مزدورکو ہی ماردیا

کورنگی صنعتی ایریا کےعلاقے مہران ٹائون میں مشکوک پولیس مقابلے میں ایک شہری جاں بحق اور2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مقابلے میں ملوث 6 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

صنعتی ایریا کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایس ایس پی کورنگی کے پی ایس او نے اطلاع دی کہ مہران ٹاؤن جناح میڈیکل کےعقب میں ندی کے قریب ڈکیتی کے دوران پولیس موقع پر پہنچی تو6 سے 7 ڈاکوؤں کا پولیس سے مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ عطااللہ ولد شریف کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 35 سالہ خضر ولد قادر بخش اور23 سالہ یاسر ولد ممتاز شامل ہیں۔

ابتدائی طور پر پولیس ہلاک و زخمیوں کو جرائم پیشہ قرار دے رہی تھی تاہم جب جناح ہسپتال میں مقتول عطااللہ کے بھائی ثنااللہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے کے بعد ہم نے خود مدد گار15 پولیس کو کال کی اوران کے انتظار میں کھڑے تھے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کراندھا دھند فائرنگ شروع کردی جبکہ ڈاکوؤں کو تو فرار ہوئے 10 منٹ گزر چکے تھے جس کے نتیجے میں میرا بھائی جان سے چلا گیا جبکہ میرا بھانجا اورکاریگر زخمی ہوگئے۔

بعدازاں پولیس نے میرے بھائی کے پاس اسلحہ رکھ کراس کی تصویر بھی بنائی ، ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ان کا آبائی تعلق ملتان سے ہے اور وہ سرجانی ہری مسجد کے قریب رہائش پذیر ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑکا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی افراد کے پاس سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا اور نہ ہی ان کا کوئی کریمنل ریکارڈ سامنے آیا تاہم پولیس نے ان کے ہمراہ چوتھے شخص کو تھانے منتقل کیا ہے اوراس سے بھی اس حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔

مقابلے میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے اب تک کی تفتیش میں مقابلے میں شکوک و شبہات پائے گئے۔