اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان سے مختلف بینکوں کے صدور اورسربراہان نے ملاقات کی اور کامیاب جوان انٹرپرینیورشپ اسکیم کے تحت آسان قرضوں کی فراہمی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت رزاق داؤد، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور گورنر سٹیٹ بینک بھی شریک تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے بینکوں کی جانب سے کامیاب نوجوان اسکیم میں شمولیت اور دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بینکوں کا تعاون قابل تحسین ہے۔
انہوں ںے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے بینکوں کو سبسڈی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بینکوں کو پیش آنے والی ہر مشکل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا۔ تعمیراتی شعبے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ اولین ترجیح ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی معاونت بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس سے قبل معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے آسان قرضوں کی فراہمی پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نہ صرف نوجوانوں کو کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے بلکہ حکومت نے 3 سال کے لیے سو ارب روپے بھی مختص کیے ہیں اور اب تک 4 لاکھ 70 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ موصول ہونے والی درخواستوں کی بروقت جانچ پڑتال کر کے قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسکیم کے تحت پڑھے لکھے نوجوان براہ راست بینکوں کو درخواستیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ کو مدنظر رکھ کر شفاف طریقے سے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور ملک بھر کے 21 بینک اس اسکیم میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ بینکوں نے رواں سال 15 ارب روپے قرضوں کی مد میں فراہم کیے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔