بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ لیویز نے واقعے کی تصدیق کردی۔
تربت لیویز کے مطابق مکران ڈویژن کے ضلع کیچ میں ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً 70 کلو میٹر دور گور کوپ کے پہاڑی مقام پر گھات لگائے نامعلوم افراد نے ایف سی 147 ونگ کے قافلے کو نشانہ بنایا۔
تربت لیویز کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے راکٹ کے گولے داغنے کے علاوہ چھوٹے ہتھیاروں سے بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایف سی کا ایک اہلکار لانس نائیک وسیم شہید ہوگیا جبکہ حوالدار سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے۔
لیویز کے مطابق واقعے کو بعد زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کردی گئی، دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر او ڈی سی ایل ملازمین کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں 7 ایف سی اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے تھے۔