وزیراعلیٰ کی طرح میئرکے اختیارات بھی آئین میں درج کیے جائیں۔فائل فوٹو
وزیراعلیٰ کی طرح میئرکے اختیارات بھی آئین میں درج کیے جائیں۔فائل فوٹو

جلسے میں کراچی کے مسائل پرکوئی بات نہیں کی گئی۔مصطفیٰ کمال

سربراہ پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گزشتہ روزکے جلسے میں کراچی کے مسائل پرکوئی بات نہیں کی گئی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کتوں کے کاٹنے کی ویکسین بھی دستیاب نہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما گزشتہ روز ایسے تقریرکر رہے تھے جیسے وہ کبھی حکومت میں نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کےعوام کی گنتی درست نہیں کی گئی، کراچی میں ہونے والے جلسے میں مردم شماری سے متعلق معاملے پربات نہیں کی گئی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کےلیے 1100 ارب روپے کا پیکج دیا،اسی دن کہا تھا پیکج لالی پوپ ہے۔

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ کراچی میں گیس اوربجلی سب سے زیادہ مہنگی ہے اوراب حکومت نے بجلی مزید مہنگی کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لسانی بنیادوں پر7 اضلاع بنائے گئے ہیں، گزشتہ سال این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو800 ارب روپے ملے۔

سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ سندھ میں 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ صرف کراچی میں11 ہزار گھوسٹ اسکول ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو توڑنے کی سازش کی گئی۔

قبل ازیں مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ملک میں اقتدار بچانے اورگرانے کا گیم آن ہے۔ اپوزیشن اور حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بیک ڈور رابطے کررہے ہیں، عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ حکومت سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں آپ استعفیٰ دیں ،حکومت ختم ہوجائے گی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نوازشریف اخباروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ نوازشریف جمہوریت کے علمبردار بنے ہوئے ہیں۔