امریکا نے روسی فوجی خفیہ ایجنسی کے6اہلکاروں پر فرد جرم عائد کردی، ان روسی افسروں نے یوکرین کے بجلی کے گرڈ اسٹیشن، 2017کے فرانسیسی انتخابات اور 2018کے سرمائی اولمپکس پر سائبر حملے کئے تھے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں یوکرین، فرانسیسی انتخابات اور اولیمپکس گیمز پر سائبر حملوں میں مبینہ طور پر ملوث روس کی فوجی انٹیلجنس کے چھ افسران پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔امریکہ کے ادارہ قانون کا کہنا ہے کہ ان روسی افسروں نے یوکرین کے بجلی کے گرڈ سٹیشن، 2017کے فرانسیسی انتخابات اور 2018کے سرمائی اولمپکس پر سائبر حملے کیے تھے۔
خبر کے مطابق، جی آر یو کے چھ ایجنٹس پر الزام ہے کہ اس نے ناٹ پیٹیا کے نام سے مالویئر حملہ کیا اور دنیا بھر میں کمپیوٹرز کو متاثر کیا جس کی وجہ سے صرف امریکی کمپنیوں کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
اس کے علاوہ انہوں نے مبینہ طور پر سابق روسی جاسوس سرگی سکرپل اور ان کی بیٹی پر حملے کے واقعے میں بین الاقوامی تحقیقات کو بھی نشانہ بنایا اور جارجیا میں میڈیا کے اداروں اور پارلیمان پر بھی سائبر حملے کیے۔
امریکہ کی جانب سے روسی فوجی خفیہ ایجنسی کے جن افسران پر سائبر حملوں کا الزام ہے ان میں سابق اور موجودہ افسران شامل ہیں البتہ ان میں کوئی بھی افسر فی الحال امریکی حراست میں نہیں۔