محمد حفیظ بیٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔فائل فوٹو
محمد حفیظ بیٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔فائل فوٹو

پہلا ٹی ٹونٹی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو5 وکٹوں سے ہرادیا

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔

کیویزکی جانب سے ٹم سیفرٹ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر1 چھکے اور6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر دھوکہ دے گئی اور صرف 79 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا مگر عبداللہ شفیق صرف 8 کے مجموعے پر بغیر کوئی اسکور بنائے ” ڈفی “ کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے، محمدرضوان بھی محض 17 رنز بنا کر ڈفی کی گیند پر ہی کیچ ہو گئے۔

نوجوان بلے باز حیدر علی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے میدان میں آئے مگر وہ بھی کیوی باﺅلرز کی ’طوفانی‘ گیند بازی کا مقابلہ نہ کر سکے اور بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹ گئے، سینئرآل راﺅنڈر محمد حفیظ بھی بغیر کوئی سکور بنائے ٹیم کی کشتی کو ڈوبتا چھوڑ گئے جبکہ خوشدل شاہ بھی صرف 16 رنز ہی بناپائے اور کیچ آﺅٹ ہو گئے۔

فہیم اشرف نے میچ کے آخری اوورز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر حریف ٹیم کو قابل دفاع ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر بلے بازوں میں عماد وسیم 19، وہاب ریاض 9، شاہین شاہ آفریدی 10 اور حارث رﺅف 1 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سکاٹ کوگالارین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایش سودھی اور بلیئر ٹیکنر ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے اننگزکا آغاز کیا تو صرف 8 کے مجموعی سکور پر مارٹن گپٹل شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں شاداب خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے جنہوں نے پیچھے کی جانب بھاگتے ہوئے باﺅنڈری کے قریب عمدہ ڈائیو لگا کر شاندار کیچ پکڑا۔

قومی ٹیم کو دوسری کامیابی حارث رﺅف نے دلائی جنہوں نے 21کے مجموعی سکور پر ڈیوون کونوے کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ٹم سیفرٹ اور گلین فلپس نے محتاط مگر جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 65 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر گلین فلپس 23 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔

ٹم سیفرٹ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 1 چھکے اور6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں مارک چیپ مین 34، جیمی نیشام 15 اور مچل سینٹنر 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اوراپنی ٹیم کو جیت دلائی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رﺅف سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔