سابق میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ اب تو سارے محکمے سندھ حکومت کے پاس ہیں تو اب نتائج کیوں نہیں آ رہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال پر میڈیا میں تصاویر بھری پڑی ہیں، گٹر ابل رہے ہیں۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اب حکومت کے پاس سارے محکمے ہیں، اب نتائج کیوں نہیں آ رہے، الزامات لگائے جارہے ہیں کہ پنشن اور ریٹائرڈ ملازمین کے پیسے کھا گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تنخواہیں تو آڈٹ ہونے کے بعد ریلیز ہوتی ہیں اور آڈٹ آفیسر سندھ حکومت کا ہوتا ہے، میرا مشورہ ہے کہ سیاسی لیڈرز بیان دینے سے پہلے ہوم ورک کر لیا کریں۔
سابق میئر کراچی کا کہنا تھا کہ واجبات کی ادائیگی کے لیے کے ایم سی کے اثاثے فروخت کرنے پڑ رہے ہیں، کے ایم سی کے ملازمین کی پنشن ساڑھے چار ارب تک پہنچ چکی ہے۔