نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز0-2 سے جیت لی ہے ۔
نیوز ی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 164 رنزکے ہدف کو آسانی کے ساتھ 19.2اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا جس میں ٹم سیفرٹ 84رنز اور کین ولیمسن 57رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی باولرز کی کارکردگی نہایت ناقص رہی اور باولرز وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے نہ ہی اسکور روکنے میں ۔ باولرز کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستانی شائقین کرکٹ کو محمد عامر کی یاد ستانے لگی ہے ۔پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ فہیم اشرف نے حاصل کی ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے مارٹن گپٹل 35 کے مجموعے پر فہیم اشرف کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں حارث رئوف کے ہاتھوں باونڈری کے قریب کیچ آوٹ ہو گئے، وہ 21 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کی اوپننگ گزشتہ میچ کی طرح اس مرتبہ بھی فلاپ رہی ہے لیکن محمد حفیظ کی ماہرانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان قابل دفاع ہد ف دینے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر مقرررہ اوورز میں 163 رنز بنائے۔ اس میں سب سے اہم کردار محمد حفیظ کا رہا جنہوں نے 57گیندوں پر 10چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 99رنز کی اننگ کھیل کر ناقابل شکست رہے ، محمد حفیظ صرف ایک سکور سے اپنی سینچری مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائے لیکن انہوں نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر محمدرضوان اور حیدر علی نے میدان میں اتر کر کھیل آغاز کیا لیکن حیدر علی صرف 8 رنز بنا کر16 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہو گئے ، ان کے بعد عبداللہ شفیق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن وہ بھی قدم جمانے میں ناکام ہوئے اور آتے ہی بغیر کوئی اسکور بنائے پہلی گیند پر آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے ، یوں پاکستان نے اپنی ابتدائی دو وکٹیں 16 رنز پر گنوا دیں۔
اوپننگ پر آئے محمد رضوان نے 20 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور سوتھی کی گیند پر 33 کے مجموعے پر کیچ آوٹ ہو گئے جبکہ کپتان شاداب خان بھی آج گزشتہ میچ کی طرح شاندار کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پائے ، انہوں نے 7 گیندوں پر 4 رنز بنائے اور نیشام کی گیند پر سوتھی کے ہاتھوں 56 رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے۔قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ نے 24 گیندوں پر 34 رنز بنالیے ہیں اور بیٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خوشدل شاہ نے 20 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور وہ نیشام کی گیند پر سوتھی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ، ان کے بعد آنے والے فہیم اشرف 133 کے مجموعے پر صرف 4 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔