اسلام آباد: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم کے پیش نظر دنیا کے کئی ممالک نے اپنی فضائی و زمینی سرحدیں بند کردی ہیں جب کہ متعدد ممالک نے برطانیہ سے آنے اور جانے والے مسافروں پر بندشیں لگا دی ہیں۔
میٹرو نیوز برطانیہ کے مطابق اسپین اور پرتگال نے بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی ہے البتہ اسپین کے شہریوں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ملک واپس آسکتے ہیں۔ اس سے قبل دیگر کئی ممالک برطانیہ سے اپنے تمام سفری راستے منقطع کرچکے ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ سے جرمنی پہنچنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ شب سے مسافروں کی بڑی تعداد ایئرپورٹس پر رکی ہوئی ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمن حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے تمام مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور رپورٹس ملنے کے بعد جن کے ٹیسٹ منفی آئیں گے انہیں ایئرپورٹس سے باہر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔
بھارت نے برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر 23 سے 31 دسمبر تک کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہری ہوابازی کی وزارت کے مطابق 31 دسمبر کی شب 11 بج کر 59 منٹ تک برطانیہ سے یا برطانیہ ہوکر ہندوستان آنے والی پروازوں پر پابندی عائد رہے گی۔ یہ پابندی 22 دسمبر کی رات 12 بج کر ایک منٹ سے عمل میں آئے گی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق کویت نے اپنی انٹرنیشنل فلائٹس پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری 2021 تک ہو گا۔
اخبار کے مطابق کویت کی ہوابازی اتھارٹی نے سب سے زیادہ رسک کے حامل ممالک کی فہرست میں برطانیہ کا نام شامل کرلیا ہے۔ برطانیہ سے کویت آنے والی تمام پروازوں کو مکمل طور پہ پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کویت خلیج کا تیسرا ملک ہے جس نے مکمل طور پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ سعودی عرب اور عمان پہلے ہی سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق کابینہ نے سفارش کی ہے کہ فوری طور پر انٹرنیشنل فلائٹس آپریشن بند کیا جائے تاکہ کورونا کی نئی قسم سے ملک کو محفوظ رکھا جا سکے۔
جیروشلم پوسٹ کے مطابق دیگر ممالک سے اسرائیل آنے والے تمام مسافروں کو فوری طور پرہوٹلوں میں قرنطینہ کرنا ہو گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ وہ اپنے ہمراہ کورونا کی نئی قسم تو ساتھ نہیں لائے ہیں۔