متحدہ عرب امارات کی فتوی کونسل نے کورونا وائرس کی حرام اجزا پرمشتمل ویکسین کا مسلمانوں کے لیے استعمال جائزقراردے دیا۔
متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے کورونا وائرس کی حرام اجزا پرمشتمل ویکسین کا مسلمانوں کے لیے استعمال جائزقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حرام اجزا پرمشتمل ویکسینزکے استعمال کی اسلام میں ممانعت ہے لیکن اگروبا کے خلاف کوئی متبادل موجود نہ ہوتو پھرایسی ویکسین کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دیگرممالک کی طرح اب متحدہ عرب امارت میں بھی شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسین مفت لگانے کا آغازکردیا گیا ہے۔
فتویٰ کونسل نے کہا کہ کووِڈ-19 ایک وبائی مرض ہے اوریہ ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوسکتا ہے، اس سے ہزاروں افراد کی زندگیوں کوخطرہ ہے اوراس غرض سے وبائی امراض کے وقت ایسی ادویہ کا استعمال جائزہے تاکہ کسی بھی ایک متاثرہ شخص سے پورا معاشرہ ہی دوچارنہ ہوجائے۔
دوسری جانب امریکا کی دوا ساز کمپنیوں نے تیارکردہ کورونا ویکسینز میں سؤرکے گوشت سے بنی مصنوعات کو شامل کرنے کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔