کپتان رضوان اور فہیم اشرف کی سینچری شراکت نے ٹیم کو فالو آن سے بچا لیا۔فائل فوٹو
کپتان رضوان اور فہیم اشرف کی سینچری شراکت نے ٹیم کو فالو آن سے بچا لیا۔فائل فوٹو

مائونٹ منگوئی ٹیسٹ۔ فہیم اشرف اور رضوان نے پاکستان کو ذلت سے بچا لیا

مائونٹ منگوئی میں  پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستانی ٹیم 239 رنزپرآؤٹ ہوگئی، میزبان ٹیم کو 192 رنزکی برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے  فہیم اشرف 91 رنزکےساتھ ٹاپ اسکورررہے،  کپتان محمدرضوان نے 71 رنزبنائے جبکہ عابدعلی 25 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کے کپتان رضوان اور فہیم اشرف کی سینچری شراکت نے ٹیم کو فالو آن ہونے سے بچا لیا۔

میچ کے تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو عابد علی اسکور میں 9 رنزکے اضافے کے بعد 25 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، بطور نائٹ واچ مین بیٹنگ کرنے والے فاسٹ بولرمحمد عباس 5 رنز بناکر لوٹ گئے۔سابق کپتان اظہر علی اور حارث سہیل کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا، اظہرعلی 5 اور حارث سہیل 3 رنز بناسکے، فواد عالم اور کپتان محمد رضوان نے 28 رنز جوڑ کر کچھ مزاحمت کی مگر فواد عالم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

چائے کے وقفے سے چار منٹ قبل بارش اور ژالہ باری شروع ہوگئی جس کے سبب 112 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل روک کر چائے کا وقفہ شیڈول سے پہلے کردیا گیا۔

چائے کے وقفے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان محمد رضوان نے اپنی نصف سینچری اسکور کی۔کپتان رضوان اور فہیم اشرف کے درمیان قائم ہوئی شراکت ٹیم کو بحران سے نکالنے میں کارآمد ثابت ہوئی، دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور مل کر 107 رنز جوڑے۔رضوان 71 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، ان کے بعد آنے والے یاسر شاہ 4 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائیل جیمی سن نے3، ٹرنٹ بولٹ ،ٹم ساؤتھی اور نیل ویگنرنے دو دو وکٹیں لیں۔