برطانوی پارلیمنٹ نے ‘بریگزٹ ٹریڈ ڈیل’ کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بریگزٹ ٹریڈ ڈیل کے حق میں 521 اور مخالفت میں 73 ووٹ ڈالے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 660 بلین پاؤنڈ کی بریگزٹ ٹریڈ ڈیل پر کل رات 11 بجے سے عمل ہوگا۔
خیال رہےکہ بریگزٹ (یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی) کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کی نوعیت کے حوالے سے طویل بحت کے بعد گزشتہ ہفتے ہی یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔
معاہدے کے بعد طانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ’ڈیل ہوگئی ہے، برطانیہ یورپی یونین کا اتحادی اور اہم ترین مارکیٹ برقرار رہے گا‘۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ کرنسی، بارڈر کنٹرول، قانون، تجارت اور ماہی گیری پر برطانوی کنٹرول واپس لےلیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ صفر ٹیرف اور صفر کوٹے پر یورپی یونین سے پہلا آزادانہ معاہدہ کیا گیا جو کہ پورے ملک کے بزنسز اور خاندانوں کے لیے زبردست خبر ہے۔
معاہدے کے تحت اگر برطانوی شہری 6 ماہ کے عرصے میں 90 دن سے زیادہ مدت یورپی ممالک کی حدود میں گزاریں تو ان کو یورپی یونین کے ممالک میں سفر کرنے کے لیے ویزا درکار ہوگا۔
اس کے علاوہ برطانیہ یورپی عدالتِ انصاف کے دیے گئے فیصلے پر عمل کرنے کا پابند نہیں ہوگا۔
خیال رہےکہ برطانیہ نےیورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ریفرنڈم کرایا تھا جس میں عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے انخلاء کے حق میں ووٹ دیا تھا،اب 31 دسمبر 2020 کو رات 12 بجے برطانیہ باضابطہ طور پر یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔