آئرلینڈ کی حکومت نے بڑھتے ہوئے کوروناوائرس کے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈبلن میں آئرش وزیراعظم نے کہا کہ ہم کورونا جیسے مہلک وائرس کے خلاف حالت جنگ میں ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق انکا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے جنوری تک بند رہیں گے جبکہ اسپشل ایجوکیشن اسکول کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب آئرش وزرا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لیونگ سرٹیفکیٹ کے طلباء 11 جنوری سے تین دن کلاسیں لےسکیں گے۔ غیر ضروری تعمیراتی منصوبے شام کے بعد بند ہو جائیں گے۔
وزرا کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اور جنوبی افریقا کے مسافروں کیلیے سفری پابندیوں میں ہفتہ تک توسیع ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ 9 جنوری کے بعد برطانیہ اور جنوبی افریقا سے آنے والوں کو کورونا منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا ہوگی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پی سی آر منفی رپورٹ کے بغیر آنے پر 2500 یورو جرمانہ یا 6 ماہ قید ہوسکتی ہے۔ ریستوران ٹیک اوے کے لیے کھلے رہیں گے، ٹیک اوے شراب پر پابندی ہوگی۔