گزشتہ برس فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان کے بعد ترکی اور فرانس میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے
گزشتہ برس فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان کے بعد ترکی اور فرانس میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے

ترکی اور فرانس کے تعلقات بحال ہونے لگے، دونوں صدور کے ایکدوسرے کو خط

ترک صدر طیب اردوان اور فرانسیسی صدر میکرون کے درمیان دونوں ممالک کے تعلقات بحال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
گزشتہ برس فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان کے بعد ترکی اور فرانس میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور فرانسیسی صدر میکرون نے ایک دوسرے کو خط لکھا ہے۔
ترکی کے وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر نے فرانسیسی ہم منصب کو اپنے خط میں نئے سال کا پیغام دیا اور گزشتہ سال فرانس میں ہونے والے حملوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر میکرون نے صدر طیب اردوان کے خط کا مثبت جواب دیا اور ملاقات کے لیے رضا مندی ظاہر کی ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فرانسیسی صدر نے یورپ کے لیے ترکی کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترکی کے ساتھ مثبت تعلقات استوار کریں گے جب کہ ان کی ترک صدر سے جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی صدارتی دفتر کی جانب سےبھی دونوں صدور کے درمیان خطوط کے تبادلے کی تصدیق کی گئی ہے البتہ اس کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان پر ترک صدر نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے میکرون کو مردہ دماغ قرار دیا تھا اور عالمی برادری سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کی تھی۔