شہرکے پوش علاقوں میں خوف کی علامت سمجھے جانے والا وائٹ کرولا گروپ کو ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباداور بہادرآباد نے گرفتار کرلیا۔
دوران کاروائی فیروز آباد پولیس کا وائٹ کرولا گینگ سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔فیروز آباد پولیس نے کنگری ہاؤس کے قریب حبیب رحمت الله روڈ پر بنگلے میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی۔
فیروز آباد پولیس کے مطابق وائٹ کرولا گروپ کے سات سے ذائد کارندوں نےپولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی جبکہ پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے چار ملزمان کو موقع سے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔
زخمی ہونے والے ملزمان میں عزیز الرحمن ولد مومن، عبدالله ولد مردان، علی جاوید ولد رحیم جان اور نور علی ولد حضرت محمد شامل ہیں۔گرفتار ہونے والے ملزمان کے دیگر ساتھیوں صادق ، شاہد خان اور رشید علی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 1 کلاشنکوف، 2 نائن ایم ایم ، چار بغیر لائسنس پستول، گولیاں، 1وائٹ کرولا کار نمبر BMA-450، موٹرسائیکل سات موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے ۔
اس حوالے سے ایس ایچ اوفیروز آباد اورنگزیب خٹک کا کہنا تھا کہ وائٹ کرولا گروپ عرصہ دراز سے شہر کے پوش علاقوں میں موجود بنگلوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔