عرب ملک عراق کے دارالحکومت بغداد میں دو خود کش بم دھماکوں میں 27 افراد ہلاک اور73 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے بغداد کی ایک مارکیٹ میں ہوئے ہیں۔ عراقی فوج کا کہنا ہے کہ دو خود کش حملہ آوروں نے طیران اسکوائر پر خود کو اس وقت دھماکے سے اڑایا جب لوگ خریداری میں مصروف تھے۔
وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے برطانوی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ابتدائی طور پر ان دھماکوں میں 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
جب سے عراق میں داعش کو شکست ہوئی ہے اس کے بعد سے اب تک کا یہ سب سے بڑا خود کش حملہ ہے۔ آخری بار بغداد کے طیران اسکوائر میں جنوری 2018 میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔