واشنگٹن: نئے امریکی صدر جوبائیڈن نے جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو محدود رکھنے کے لیے روس کے ساتھ کیے گئے معاہدے ’نیو اسٹارٹ‘ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور روس کے درمیان اپریل 2010 میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کو محدود رکھنے پر اتفاق ہوا تھا، ’’ نیو اسٹارٹ‘‘ نامی اس معاہدے پر اُس وقت کے صدر بارک اوباما اور روس کے سیکیورٹی کونسل نے دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کی میعاد اگلے ماہ کی 5 تاریخ کو ختم ہورہی ہے اور جوبائیڈن کی حلف برداری کے فوری بعد روسی وزارت خارجہ نے نیو اسٹارٹ معاہدے میں غیر مشروط توسیع کی پیشکش کی تھی۔
روس کی پیشکش پر جوبائیڈن کے ترجمان جین ساکی نے کہا کہ امریکا بھی اس معاہدے میں 5 سال کی توسیع کا خواہش مند ہے۔ پینٹاگون سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کے دفاع میں ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں زیادہ سے زیادہ 1 ہزار 550 جوہری ہتھیار اور انہیں ہدف تک پہنچانے والے نظاموں کی تعداد 800 تک محدود رکھنے کے پابند ہیں۔