نعمان علی نے 133 کے مجموعی سکور پر کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی
نعمان علی نے 133 کے مجموعی سکور پر کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی

نعمان علی نےعمدہ باﺅلنگ کامظاہرہ کرتےہوئے اپنی سلیکشن کوصحیح ثابت کردیا

جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے عمدہ باﺅلنگ سے اہم وکٹیں حاصل کر کے اپنی سلیکشن کو صحیح ثابت کر دیا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری ہے جس میں پاکستانی باﺅلرز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے مہمان ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان کوینٹن ڈی کوک اور اوپننگ بلے باز ڈین ایلگر کی اہم وکٹیں حاصل کر کے اس میچ کو اپنے لئے یادگار بنا لیا ہے۔

نعمان علی نے 133 کے مجموعی سکور پر کوینٹن ڈی کوک کو پویلین کی راہ دکھائی اور وہ 23 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 15 رنز بنا کر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے جبکہ مجموعی سکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈین ایلگر بھی ان کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

ڈین ایلگر مذکورہ ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جنہوں نے 106 گیندیں کھیل کر نو چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی اور اب سنچری بنانے پر نظریں مرکوز کئے ہوئے تھے تاہم نعمان علی نے ناصرف ان کا خواب چکناچور کر دیا بلکہ پاکستان کو انتہائی اہم کامیابی بھی دلائی۔