پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اوراسے پروٹیزپر 158 رنزکی برتری حاصل ہوگئی، فواد عالم نے سب سے زیادہ 109 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے 64 رنزکی اننگز کھیلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ پہلے میچ کے تیسرے روز پاکستان کے حسن علی اور نعمان علی نے 308 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو 323 کے مجموعی اقسکور پر حسن علی 21 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ 378 کے مجموعی اسکور پرپاکستان کی آخری وکٹ گری اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی 24 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے مشکل وقت میں ذمے دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 109 رنز کی اننگز کھیلی اور سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی 51، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 33، فہیم اشرف 64، عمران بٹ نو، عابد علی چار، بابراعظم سات، شاہین آفریدی صفر اور یاسر شاہ 38 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم فاسٹ باؤلر کاگیسو ربادا اور سپنر کیشو مہاراج نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لونگی نگیڈی اور اینرچ نورٹجے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو پہلی اننگز میں 220 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ یاسر شاہ نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیو میچ کھیلنے والے نعمان علی نے دو شکار کئے۔