پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز چائے کے وقفے سے قبل272 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،آل رائونڈرفہیم اشرف سب سے زیادہ78رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے روزکے کھیل کا آغاز مایوس کن رہا،گزشتہ روزکا کھیل بارش سے متاثر رہا اور پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر145 رنزکے ساتھ دن کا اختتام کیا لیکن جب آج صبح بیٹنگ کا آغاز ہوا توقومی ٹیم کے کپتان بابراعظم رنز میں اضافہ کیے بغیر 77 رنز پر دوسرے ہی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے اور فواد عالم بھی اپنے اسکور میں صرف 3 رنز کے اضافے کے بعد 45 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور فہیم اشرف کے دوران 41 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم رضوان غلط بڑی شارٹ کھیلنے کے چکر میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز 18 رنز تک ہی محدود رہی۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8 رنز اسکور کیے۔
دوسری جانب فہیم اشرف نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم دوسرے ایںڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث فہیم اشرف کو 78 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس آنا پڑا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورجی نے 5 اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے کراچی ٹیسٹ الیون کو برقراررکھا اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر پہلی تین وکٹیں 25 رنزکے مجموعی اسکور سے قبل ہی گرگئیں،جس کے بعد کپتان بابراعظم اورفواد عالم نے ٹیم کو سہارا دیا لیکن دوسرے روزکے کھیل کے آغاز پر دونوں ہی کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، بابراعظم 77 جبکہ فواد عالم 45 رنزکے ساتھ پولین لوٹ گئے ۔
گزشتہ روزدوسرے سیشن کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا،جس کے باعث پہلے دن کے کھیل کے خاتمے کا اعلان کردیا گیا۔اوپنر بلے باز عمران بٹ نے 15اورعابد علی نے چھ رنز بنائے جبکہ اظہرعلی بغیر کسی اسکورکے پویلین واپس لوٹ گئے۔ان کے علاوہ عابد علی صرف چھ اسکور ہی بنا سکے ۔