سعودی عرب میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مساجد میں تمام دعوتی تقاریب معطل کردی گئیں اورنمازوں کے دوران مساجد کے اوقات مقرر بھی مقررکردیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مساجد میں تمام دعوتی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سارے دعوتی پروگرام آن لائن چلائے جائیں گے۔
ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے نمازوں کے اوقات اور مساجد کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے۔
وزیر اسلامی امورنے بتایا کہ مساجد اذان کے وقت کھلیں گی، اذان اور تکبیر کے درمیان 10 منٹ سے زیادہ کا وقفہ نہیں ہو گا، البتہ صرف فجر میں نماز اور اذان کے درمیان 20 منٹ تک کا وقفہ رہے گا اور نماز کے 10 منٹ بعد مساجد بند کر دی جائیں گی۔
ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا کہنا ہے کہ جمعے کی نماز کے لیے جامع مساجد اذان سے 30 منٹ پہلے کھولی جائیں گی اور نمازکے 15 منٹ بعد بند کر دی جائیں گی۔
سعودی وزیر نے کہا کہ تمام مساجد کے منتظمین کورونا وبا سے متعلق سابقہ ہدایات کی پابندی کرائیں اور اس کے ساتھ ساتھ مساجد، وضو خانوں اور طہارت خانوں کی سینٹائزنگ کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر کروائیں۔