رپورٹ: قیصر چوہان
پاکستانی ہوم سیریز میں جنوبی افریقی سٹہ نیٹ ورک متحرک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق عالمی بیٹنگ سنڈیکیٹ نے سیریز کے تمام میچز کے نتائج پہلے سے طے کرلئے ہیں۔ جبکہ لاہور کے بک میکرز کے ذریعے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ روز ایک بُکی کو میدان کے اندر سے پکڑ لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ساؤتھ افریقہ سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی ہوم سیریز سے لاکھوں ڈالرز کے بزنس میں تیزی آگئی ہے۔
’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق پاکستانی سرزمین پر جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز میں عالمی بیٹنگ سنڈیکیٹ نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا ہے۔ گزشتہ روز سخت ترین سیکورٹی انتظامات اور اینٹی کرپشن یونٹ کے باوجود میچ کی معلومات لینے کیلئے عالمی بیٹنگ سنڈیکیٹ کا کارندہ میدان میں گھس کر مختلف پی سی بی باکس سے معلومات حاصل کرتا رہا۔ بعدازاں پی سی بی کے ایک ملازم کی شکایت پر ہی اینٹی کرپشن یونٹ کو میدان میں پنٹر کی موجودگی کا پتہ چلا۔ ذرائع کے مطابق پاک جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کو براہ راست جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن سے آپریٹ کیا جارہا ہے۔ جہاں کراچی ٹیسٹ کے بعد اب پنڈی ٹیسٹ پر افریقی ممالک سمیت یورپی، ایشیائی اور امریکی ممالک میں سپر اسپورٹس کی خفیہ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے مختلف بیٹنگ ویب سائٹس کے ذریعے بڑے پیمانے پر پیسہ کمایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی اور جنوبی افریقہ کے اسپورٹس نیٹ ورک سُپر اسپورٹس کے درمیان پہلے سے تین سال کا معاہدہ طے ہے۔ تین برسوں میں پاکستان کو 83 روز ہوم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی ہے۔ جسے افریقی ممالک میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔ جنوبی افریقی نیٹ ورک کو چلانے والے زیادہ تر بھارت سے تعلق رکھنے والے بکیز ہیں۔ جہاں انہیں کالا دھندا کرنے کی پوری آزادی ہے۔ یہاں تک کہ اس نیٹ ورک نے پروٹیز ٹیم کو بھی اپنی گرفت میں کر رکھا ہے۔ کرپشن کے سبب پہلے ہی جنوبی افریقی بورڈ کے تمام افسران اور ملازمین کو فارغ کرکے نئی ٹیم بٹھائی گئی ہے۔ تاہم اس کے باوجود بھی بکیوں کی پروٹیز ٹیم پر گرفت کمزور ہونے کے بجائے مضبوط ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بک میکرز کے مطابق پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز میں دو روپے ریٹ کے ساتھ میزبان ٹیم کو فیورٹ کا درجہ دیدیا گیا ہے۔ جبکہ ٹیسٹ میں زیادہ انفرادی رنز بنانے والوں کے حوالے سے دونوں ٹمیوں کے کھلاڑیوں کا ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بابر اعظم اور فواد عالم کی جانب سے زیادہ رنز بنانے پر جواریوں کو بڑا فائدہ متوقع ہے۔ اسی طرح جنوبی افریقہ کے بیٹسمینوں میں ڈین ایلگر اور ڈی کوک کو رنز میکر ریٹ کیا گیا ہے۔ جبکہ ٹیسٹ سیریز میں بالرز میں کیشو مہاراج، ربادا، یاسر شاہ، نعمان علی اور شاہین آفریدی کی بالنگ پر زیادہ پیسہ لگایا جارہا ہے۔ سٹہ بازوں کو ملنے والی گائیڈ لائن میں لاہور میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو فیورٹ ریٹ کیا گیا ہے۔ جبکہ بک میکرز کو امید ہیں کہ حتمی الیون کی انفارمیشن بھی انہیں اعلان سے قبل فراہم کردی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوم ایڈواٹیج کے سبب دو ایک سے جیتنے جا رہا ہے۔ جبکہ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے وائٹ واش متوقع ہے۔ پنڈی ٹیسٹ میں طاقتور جنوبی افریقی ٹیم کی پوزیشن خاصی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی اننگ کا 272 رنز پر خاتمہ ہوا۔ فہیم اشرف 78 ناٹ آؤٹ اور بابر اعظم 77 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ پروٹیز بالر اینریچ نارٹجے نے پانچ کھلاڑیوں کا شکار جبکہ بھارتی نژاد اسپنر مہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں جنوبی افریقی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگ میں مشکلات کا شکار ہوگئی۔ اور 106 رنز پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے۔کوئٹن ڈک کوک اور ٹیمبا کریز پر موجود تھے۔ ادھر گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان جنوبی افریقہ کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک بکی کو گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بلال نامی ایک بکی کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے اندر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بلال کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے اور وہ ’’ڈی جے کارڈ‘‘ استعمال کرکے پنڈی اسٹیڈیم کے اندر آگیا تھا۔ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے بلال کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کردیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سٹے باز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ پر سٹے بازی کر رہے تھے، ممکنہ طور پر نیٹ ورک کی کڑیاں بھارتی مافیا سے ملتی ہیں۔ زیر حراست بلال گراؤنڈ سے دبئی میں نیٹ ورک کو میچ، پچ اور موسم کے بارے میں فون پر براہ راست معلومات فراہم کر رہا تھا، بلال نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، اسے صبح سے مانیٹر کیا جارہا تھا اور لنچ کے بعد حراست لے کر ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد پولیس سے بچنے کے لیے بکیز نے لاہور شہر میں اپنی پوزیشن تبدیل کرلی ہے۔ لاہور میں کئی مقامات پر بکیوں کے اڈے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں بھی بکنگ کی جاتی ہے۔