نیشویل: امریکی ریاست ٹینیسی میں ڈکیتی کی پرینک ویڈیو بنانے والے یوٹیوبر کو شہری نے اصل ڈاکو سمجھ کر گولی مار دی جس کے نتیجے میں نوجوان یوٹیوبر ہلاک ہوگیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی کے دارالحکومت نیشول میں ٹموتھی ولکس نامی یوٹیوبر ہاتھ میں دو بڑے چاقو تھامے فیملی پارک کے باہر لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے تھے جب کہ ان کا دوست ویڈیو بنا رہا تھا کہ اس دوران 23 سالہ نوجوان نے یوٹیوبر کو اصلی ڈاکو سمجھا اور گولی مار کر ہلاک کردیا۔
یوٹیوبر کو گولی مارنے والے نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ یہ ایک مذاقیہ ویڈیو ریکارڈ ہورہی ہے، میں نے بس یہ دیکھا کہ چاقو بردار شخص لوگوں سے لوٹ مار کر رہا ہے اور اب میری جانب بڑھ رہا ہے تو میں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کردی۔
یوٹیوبر کے دوست نے بھی پولیس کو بتایا کہ ہم یوٹیوب کے لیے ایک پرینک ویڈیو بنا رہے تھے جس میں لوگوں کو چاقو دکھا کر ڈرا رہے تھے اور ان کے ردعمل ریکارڈ کرکے پھر انہیں حقیقت بتاتے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔
اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لیے یوٹیوب نے پالیسی بھی وضع کی تھی تاہم ایسے واقعات تھم نہیں سکے۔ ماہرین ایسے خطرناک مذاق کی ویڈیوز پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔