پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کراچی کنگز کے خلاف پہلے میچ میں فتح کے ساتھ لیگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، لیگ میں اپنے ذاتی اہداف کی بجائے ٹیم کی جیت پر نظریں مرکوز ہیں۔
ایک انٹرویو میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوئٹہ کا ریکارڈ اچھا ہے، کوشش کریں گے کہ ایک بار پھر اپنے ریکارڈ کے مطابق کھیلیں، پچھلے ایڈیشن میں جو غلطیاں ہوئیں اس کو نہیں دہرائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ پہلا میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال پر پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ جیت کیلئے ضروری ہے کہ کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کا ہوم گراؤنڈ نیشنل اسٹیڈیم ضرور ہے لیکن کوئٹہ کی ٹیم میں شامل کرکٹرز نے بھی کراچی میں بہت کرکٹ کھیلی ہے، افتتاحی میچ میں اچھا مقابلہ ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ذاتی پرفارمنس سب کیلئے اہم ہوتی ہے لیکن ان کی نظریں کوئٹہ کو ٹائٹل جتوانے پر ہیں، وہ کوشش کریں گے کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو ٹرافی دلوائیں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس بار کوئٹہ کی ٹیم کے پاس کرس گیل، قیص احمد اور ڈیل اسٹین جیسے ٹاپ کھلاڑی ہیں جن سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، گیل کا ماضی میں پی ایس ایل کا ریکارڈ اچھا نہیں لیکن اس بار ان کی طوفانی بیٹنگ ضرور چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نوجوان کھلاڑی بھی کافی اچھے ہیں، صائم ایوب اور آرش علی خان نے حالیہ ٹورنامنٹس میں اچھا کھیلا ہے جبکہ اعظم خان بھی ایک مضبوط کھلاڑی بن چکا ہے جو گلیڈی ایٹرز کے دستے کا اہم ستون ہے۔
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے ایک سوال پر کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا بڑ ابرانڈ ہے، اس سے قومی ٹیم کو بہت ٹیلنٹ ملا ہے اور امید ہے مستقبل میں بھی اچھا ٹیلنٹ ملے گا۔
انہوں نے مداحوں سے کہا کہ پی ایس ایل میں ہر ٹیم کی سپورٹ کی جائے کیوں کہ ہر ٹیم پاکستان کی ٹیم ہے جو اچھی کرکٹ کھیلے اسکو سپورٹ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے دوران تماشائی جب میدان میں آئیں تو ایس او پیز کاضرور خیال رکھیں۔