ملازمین و سائلین کو سرکاری و نجی دفاتر تک پہنچنے میں دشواری، کام ٹھپ ہوکر رہ گئے، محاصل جمع کرنے والے اداروں میں کام رک گئے، کروڑوں روپے کا نقصان
ملازمین و سائلین کو سرکاری و نجی دفاتر تک پہنچنے میں دشواری، کام ٹھپ ہوکر رہ گئے، محاصل جمع کرنے والے اداروں میں کام رک گئے، کروڑوں روپے کا نقصان

پی ایس ایل میچز‘ سڑکیں راستے بند، عوام رل گئے، حکومتی ریونیو میں بھی کمی

رپورٹ :شرجیل مدنی
کراچی:پاکستان سپر لیگ 6کے کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچوں کے سدباب سندھ سرکار کے لئے کروڑوں روپے کا ریوینیو جمع کرنے والے سرکاری اداروں کے دفاتر بھی شدید متاثر ہو گئے ہیں جبکہ ان دفاتر میں اپنے ضروری کاغذات بنانے کے لئے آنے والے سائلین بھی در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
اسٹیڈیم روڈ بند ہونے کے باعث سندھ سرکار کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ جبکہ سرکاری ملازمین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے باعث دفتری معاملات تباہ ہو کر رہ گئے ہے۔
سرکاری ملازمین کا کہنا تھا کہ آفس کی چھٹی کے بعد گھر جانا آج کل مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے ۔آفس آنے کے لئے پورا کراچی گھوم کر آنا پرتا ہے ۔ضلع ایسٹ میں واقع ڈی سی آفس،سوک سینٹر ،اینٹی کرپشن ایسٹ ،ایس ایس جی سی،اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ملازمین کے ساتھ ساتھ سائلین بھی رل گئے ہیں ۔
پی ایس ایل کے میچوں کی وجہ سے ضلع ایسٹ میں موجود سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ا پنے ضروری کاغزات بنا نے کے لئے پی ایس ایل میچوں کے ختم ہونے کا انتظار کرنے لگے ہیں ۔
کراچی کے دور دروز علاقوں سے آئے ہوئے سائلین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچوں کی وجہ سے ہمارے ضروری کام رل گئے ہیں ۔اتنا لمبا سفر طے کر کے سوک سینٹر آؤںتو افسران بھی سیٹ پر موجود نہیں ہوتے پوچھنے پر پتا چلتا ہے کہ پی ایس ایل کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں تو اس وجہ سے صاحب نہیں آئے ہیں ۔
سائلین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے لئے پی ایس ایل کے باعث سڑکیں بند کرنا ضروری ہے شہری بھلے در در کی ٹھوکریں کھاتے رہے ۔اس حوالے سے سوک سینٹر موٹر وہیکل اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں کوئٹہ سے آئے ہوئے سائل محمد علی نے امت کو بتایا ہے کہ مجھے اپنی گاڑی کی رجسٹریشن کروانی تھی جو کہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے اور میں روزانہ بہت مشکل سے راستے تبدیل کر کے سوک سینٹر پہنچتا ہو ں۔
اس حوالے سے سوک سینٹر میں موجود کے ڈی اے کے آفس میں سرجانی ٹاؤن سے آئے ہوئے سائل نیاز محمد نے امت کو بتایا ہے کہ سرجانی ٹاؤن میں اپنے پلاٹ کی لیز کے لئے آیا ہو پی ایس ایل کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں جس کے باعث مجھے آدھے گھنٹے کا راستہ 2گھنٹوں میں طے کر کے یہاں پہنچا ہو لیکن سڑکیں بند ہونے کے باعث سوک سینٹر لینڈ ڈیپارٹمنٹ میں موجود ملازمین نہیں آئے جس کی وجہ سے میں واپس جا رہا ہو اور اب پی ایس ایل میچ ختم ہونے کے بعد اپنا کام کروانے کے لئے آؤنگا ۔جبکہ اس حوالے سے ایس ایس جی سی کے ہیڈ آفس میں شاہ لطیف تاؤن سے آئے ہوئے سائل منیب نے امت کو بتایا ہے کہ میں اپنے گھر کے لئے گیس کے میٹر لگوانے کی اپروول لینے کے لئے آیا ہو لیکن آفس میں بیشتر عملہ موجود نہیں ہے معلوم کرنے پر پتا چلا ہے کہ پی ایس ایل کے باعث افسران کی کوئی ٹا ئمنگ نہیں ہے سڑکیں بند ہے جس کی وجہ سے افسران پورا کراچی گھوم کے آنے کے بجائے گھر پر ہی رہنا پسند کرتے ہیں ۔
اس حوالے سے ڈی سی ایسٹ کے آفس میں اسکیم 33سے آئے ہوئے ساحل آصف نے امت کو بتایا کہ میں اتنی دور سے اپنے گھر کے کاغذات بنوانے ڈی سی ایسٹ کے آفس بڑی مشکلوں سے پہنچا ہوانتظامیہ نے سڑکیں بند کی ہوئی ہے جس کے باعث گلستان جوہر سے گھوم کر آنا پڑا لیکن جب ڈی سی آفس پہنچا تو رجسٹرار موجود نہیں معلوم کرنے پر پتا چلا موصوف بھی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے آفس نہیں آئے ہیں اب آپ ہی بتائے کہ میں اپنا سارا دن خراب کر کے اور خرچہ کر کے آیا ہو اور پی ایس ایل کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں اس حال میں مجھ جیسا غریب انسان اور کر بھی کیا سکتا ہے ۔
اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آئے ہوئے مزمل نے امت کو بتایا ہے کہ میں نارتھ کراچی کا رہائشی ہو اور اپنے گھر کے پڑوس میں کی جانے والی غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے شکایات جمع کرانے آیا ہو نیشنل اسٹیڈیم روڈ بند ہونے کے باعث 15منٹ کا سفر ڈیڑھ گھنٹے میں طے کیا ہے اور سڑکوں پر مکمل ٹریفک جام ہے سوک سینٹر کے سامنے واقع فلائی اوور بند ہونے سے ضلع سینتٹراور نارتھ کے علاقے بھی بہت بری طرح متاثر ہے۔
پی ایس ایل میچوں کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہے مزمل کا کہنا تھا کہ آج سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے آفس آنا بہت بڑی غلطی تھی اب 7مارچ کے بعد ہی اپنی شکایت جمع کروانے آؤنگا۔
نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر واقع مشرق سینٹر میں کام کرنے والے سینکڑوں ملازمین سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ذلیل و خوار ہوگئے ہیں ۔شہر بھر سے آنے والے پرائیویٹ ملازمین پی ایس ایل کے میچوں کے باعث دگنا خرچہ کر کے آفس آتے ہیں۔جبکہ آفس میں آکر بھی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے کوئی کام نہیں ہوتا اس حوالے سے مشرق سینٹر میں موجود ہاکس بے اسکیم کے آفس میں موجود راشد نے امت کو بتایا ہے کہ جب سے پاکستان اور ساؤتھ افریقہ سیریز ہوئی ہے اس کے بعد سے انتظامیہ کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم روڈ بند کر دیا ہے اور اب 7مارچ کے بعد ہی معلمولات ذندگی بحال ہو سکے گی ہم نے اپنے سارے کام پینڈنگ میں رکھے ہوئے ہیں جوکہ پی ایس ایل میچ ختم ہونے کے بعد ہی ہوسکے گے ۔
پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے باعث کارساز پی این ایس پر موجود حساس اداروں کے ملازمین بھی شدید متاثر ہیں ۔سڑکیں بند ہونے کے باعث 7کلو میٹر گھوم کر کارساز پر موجود آفس آنا پرتا ہے ۔جبکہ دفتری کام بھی تاخیر کا شکار ہیں اور تمام ملازمین پی ایس ایل کے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ۔
اس حوالے سے حساس ادارے کے افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ کراچی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں سے دہشتگردوں اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو کافی حد تک ختم کردیا ہے ۔حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور شہری بھی قانون نافز کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کر رہے ہیں ۔اس کے بعد بھی انتظامیہ کا پی ایس ایل کے لئے سڑکیں بند کرنا سمجھ سے بالا تر ہے تاہم یہ سیزن گزر جانے کے بعد امید ہے کہ اگلے پی ایس ایل 7کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچوں کے لئے سڑکیں یہ کاروبار بند نہیں کئے جائیں گے۔