پاکستان کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں سلو اوور ریٹ پر جنوبی افریقہ کی ٹیم پر 20 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کردیا گیا، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جمعہ کو سنچورین میں کھیلے گئے پہلے میچ میں تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پہلے ون ڈے میچ کے امپائرز میراس ایراسمس، ایڈرین ہولڈ اسٹاک، علاالدین پالیکر اور بونگانی جیلے نے جنوبی افریقہ کو سلو اوور ریٹ کے حوالے سے قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری اینڈریو پائی کرافٹ نے مقررہ وقت سے ایک اوور پیچھے ہونے پر جنوبی افریقہ کی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا۔
سلو اوور ریٹ کے حوالے سے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر ہر اوور کی کمی پر20 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے اپنی غلطی مانتے ہوئے سزا کو تسلیم کیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔