کراچی: فاطمہ نسیم نے ایلبو اسٹرائیک مقابلے میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی 8 سالہ ماشل آرٹس چیمپئن فاطمہ نسیم نے ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کردی، اور بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، فاطمہ نے ایلبو اسٹرائیک مقابلے کا نیا ریکارڈ پاکستان آرمی کے نام کیا ہے۔
فاطمہ نسیم گنیز ورلڈ ریکارڈ بک میں 7 سال کی عمر میں دنیا کی سب سے کم عمر ماشل آرٹس کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں، فاطمہ کا ریکارڈ کرن اونیال نے 242 کے مقابلے 258 ایلبو اسٹرائیک مار کر توڑ دیا تھا، تاہم 4 ماہ بعد ہی فاطمہ نے عالمی ریکارڈ واپس لے لیا۔ 8 سالہ فاطمہ نسیم نے بھارتی خاتون ایتھلیٹ پر اپنی واضح سبقت ثابت کرتے ہوئے ایک منٹ میں 258 مرتبہ کے مقابلے میں 272 مرتبہ دونوں ہاتھوں سے کہنی کو ٹارگٹ پر ہٹ کرتے ہوئےریکارڈ کو پاکستان کے نام کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ای میل کے ذریعے فاطمہ کے ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے تمام تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی ہیں۔ اس موقع پر فاطمہ کا کہنا تھا کہ میں انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا چاہتی ہوں میری خواہش ہے کہ عالمی سطح پر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کروں۔
فاطمہ نسیم پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے مارشل آرٹس چیمپئن محمد راشد کی صاحبزادی ہیں، راشد 65 عالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں، یہ پاکستان اکیڈمی آف مارشل آرٹس کا 82 واں عالمی ریکارڈ ہے۔