سعودی حکومت نے سنگین غداری کے الزام میں 3 فوجیوں کو سزا موت دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق تینوں فوجی اہل کاروں پر سنگین غداری کا الزام تھا، تاہم سعودی حکومت کی جانب سے سنگین غداری کے کیس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
سعودی سرکاری نیوز سائٹ کے مطابق سزائے موت پانے والے تینوں فوجی وزارت دفاع میں کام کر رہے تھے۔
سعودی حکام کی جانب سے اس بات پر بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا کہ متعلقہ فوجیوں نے کیسے دشمن کی مدد کی۔ شاہی ترجمان کے مطابق تینوں فوجیوں پر عدالت میں مقدمہ چلا اور شاہی فرمان کے ذریعے ان کے سزائے موت کے وارنٹ جاری ہوئے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی فورسز کی ایرانی نواز حوثی باغیوں سے سرحد پر جنگ جاری ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق سعودی عرب میں سال 2019 میں دنیا میں سب سے زیادہ پھانسیاں دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں 184 افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ پھانسی دینے والے ممالک میں چین دوسرے اور ایران تیسرے نمبر پر ہے۔