F-35 استیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس جدید ترین طیارے ہیں
F-35 استیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس جدید ترین طیارے ہیں

امریکا نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کےعوض یواے ای کی اسلحہ ڈیل منظور کرلی

واشنگٹن: بائیڈن انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ 23 ارب ڈالر مالیت کااسلحہ فروخت کرنے کےمعاہدے کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس ڈیل کے تحت یو اے ای کو F-35 ڈرون جہاز اور دیگر جدید آلات دیے جائیں گے۔ اس معاہدے کی بابت جو بائیڈ ن انتظامیہ نے کانگریس کو بتایا ہے کہ ہم ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والی23ارب ڈالر سے زائد اسلحے کی فروخت کے معاہدے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا اس معاہدے پر کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ یواے ای کو اسلحے کی مجوزہ فروخت کے معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے اور ہم اس سے متعلق تمام تفصیلات پر نظر ثانی کرتے ہوئے اماراتی حکام کے ساتھ ان ہتھیاروں کے استعمال پر بھی مشاورت کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ ڈیل ٹرمپ انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ کی تھی، تاہم بائیڈن انتظامیہ نے اس معاہدے پر عمل درآمد کومزید نظر ثانی کے لیے روک دیا تھا، حالانکہ کہ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے قبل فروخت کا معاملہ حتمی ہوچکا تھا۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال نومبر میں کانگریس کو بتایا تھا کہ ہم نے ’ابراہم اکارڈز‘ ( امریکا کی موجودگی میں ہونے والا معاہدہ جس کے تحت متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر رضامندی ظاہر کی تھی ) کی سائیڈ ڈیل کے طور پر یو اے ای کو اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے آخری مہینوں میں اسرائیل نے معاہدے کے مطابق متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکو کے ساتھ معاہدے کیے تھے۔
23 ارب 37 کروڑ ڈالر کے اس معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات کو جنرل اٹامکس، لاک ہیڈ مارٹن اینڈ ریتھیون ٹیکنالوجیز، پچاس F-35 لائٹننگ II ایئر کرافٹ، 18 MQ-9B فضائی نظام اور فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر مار کرنے والا اسلحہ فراہم کیا جائے گا۔