ایران اور سعودی عرب کےعہدیداران کے درمیان عراق میں ملاقات کی خبروں پر ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ ایران سعودی عرب کے ساتھ ڈائیلاگ کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے مابین ہونے والی بات چیت کے بارے میں میڈیا رپورٹس کو دیکھا ہے۔
ترجمان نے ملاقات کی خبروں کی نہ ہی تصدیق کی اور نہ ہی تردید، کہا کہ ایران سعودی عرب کیساتھ ڈائیلاگ کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اسے دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے طور پر دیکھتا ہے۔
سعودی حکام کی جانب سے بھی ان خبروں پر کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ برطانوی اخبار نےسعودی عرب اور ایران کے عہدیداران کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے عراق میں ملاقات ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔